ختنہ

ختنہ کی شرعی حیثیت

فتوی نمبر :
100551
| تاریخ :
2026-10-19
معاشرت زندگی / اولاد کے مسائل و احکام / ختنہ

ختنہ کی شرعی حیثیت

بخدمت جناب مفتی صاحب!السلام عليكم ورحمۃ الله وبركاتہ!
کیا فرماتے ہیں علماء کرام اور مفتیان عظام اس مسئلہ کے بارے میں کہ میری بیٹی کی شادی تقریباً چھ سال پہلے ہوئی تھی، میری بیٹی کی تین اولادیں ہیں، ایک کی عمر پانچ سال ،دوسرے کی عمر تقریباً ڈھائی سال ،اور تیسری کی عمر تقریبا ًسات سے آٹھ ماہ ہے۔
جواب طلب امر یہ ہے کہ میرے داماد صاحب نے اپنے بچوں کا ختنہ نہیں کروایا، ان کا کہنا یہ ہے کہ ختنہ کوئی ضروری نہیں ہے ،اور وہ یہ بھی کہتے ہیں کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے بھی نہیں کروایا تھا۔
اب جب کہ تیسرا بیٹا جو کہ سات سے آٹھ ماہ کا ہے، اس کو انفیکشن ہو گیا، جب اس کو ڈاکٹر کے پاس لے کر گئے ، تو ڈاکٹر کا کہنا یہ ہے کہ جب تک اس کا ختنہ نہیں ہوگا، یہ صحیح نہیں ہوگا، اس پر میرے داماد صاحب سے بات کی، تو وہ بہت ناراض ہو رہے ہیں ،اور ان کا وہی کہنا ہے کہ یہ کوئی واجب وضروری چیز نہیں ہے، اور اس بات پر بات اتنی بگڑ گئی کہ میرے داماد صاحب نے میری بیٹی کو مارا ،آپ حضرات سے گزارش ہے کہ قرآن و سنت کی روشنی میں ہماری رہنمائی فرمائیں کہ ختنہ کروانا واجب و ضروری ہے کہ نہیں؟ براہ مہربانی میرے سوال کا جواب مفصل اور قرآن و سنت کی روشنی میں دیا جائے ، آپ جناب کی عین نوازش ہوگی۔

الجوابُ حامِدا ًو مُصلیِّا ً

واضح ہوکہ ختنہ کرنا نبی اکرم ﷺ سمیت دیگر انبیاءِ کرام علیہم السلام کی سنت ہے، اور احادیث مبارکہ میں اسے شعائرِ اسلام اور فطرت میں داخل قرار دیا گیاہے ،اور فقہِ حنفی کے مطابق ختنہ کرنا سنتِ مؤکدہ ہے،جبکہ امام شافعی کے نزدیک واجب ہے ، لہذا بغیر کسی شرعی عذر کےاس سنت کو ترک کرنا شرعاً ممنوع ہے،جبکہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے ختنہ سے متعلق تین قسم کی روایات منقول ہیں۔
(ا):ایک قول کے مطابق آپ صلی اللہ علیہ وسلم مختون(ختنہ شدہ)پیدا ہوئے تھے،اور یہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی خصوصیات میں سے ہے۔
(2):دوسرے قول کے مطابق آپ کا ختنہ شق صدر کے موقع پر ہوا تھا۔
(3):اور تیسرے قول کے مطابق آپ کا ختنہ آپ کے دادا نے ولادت کے ساتویں دن کیا تھا،اور اسی دن آ پ کا نام بھی محمد رکھا تھا،لہذا سائل کے داماد کا نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی طرف ختنہ کی نسبت کی نفی کرنا قطعاً غلط اور احکام شرعیہ سے ناواقفیت اور جہالت پر مبنی ہے،اس لئے اسے اپنے اس غیر شرعی طرز عمل سے باز آکر جلداز جلدبچوں کے ختنہ کی ترتیب بنانا چاہیے ،تاکہ سنت پر عمل کے ساتھ ساتھ انہیں لاحق بیماریوں کا علاج بھی ہوسکے،اور اگر اس سلسلہ میں کوئی معقول اشکال یا غلط فہمی ہوتو اہل علم سے معلوم کرکےاس کا ازالہ کیا جاسکتا ہے۔

مأخَذُ الفَتوی

کمافی مشکاۃ المصابیح:"وعن أبي أيوب قال:قال رسول الله صلى الله عليه وسلم:"أربع من سنن المرسلين:الحياء۔ويروى الختان۔والتعطر والسواك والنكاح.رواه الترمذي(كتاب الطهارة، ‌‌باب السواك، ‌‌الفصل الثاني، ج: 1، ص: 85، رقم: 382، ط: بشري)۔
وفی البحر الرائق:الختان سنة کما جاء في الخبر وهو من شعائر الإسلام و خصائصه،حتیٰ لو اجتمع أهل بلدٍ علیٰ ترکه،یحاربهم الإمام، فلایُترَک إلا للضرورة،وعذرُ الشیخ الذي لایطیق ذلك ظاهر، فیُترك"(کتاب الخنثیٰ، مسائل شتّٰی:359،9،ط،دار الکتب العلمیة)۔
وفی الدر المختار:"(و) الأصل أن (الختان سنة) كما جاء في الخبر (وهو من شعائر الإسلام) وخصائصه (فلو اجتمع أهل بلدة على تركه حاربهم) الإمام فلا يترك إلا لعذر وعذر شيخ لا يطيقه ظاهر (ووقته) غير معلوم وقبل (سبع) سنين كذا في الملتقى وقيل عشر وقيل أقصاه اثنتا عشرة سنة وقيل العبرة بطاقته وهو الأشبه وقال أبو حنيفة: لا علم لي بوقته ولم يرد عنهما فيه شيء فلذا اختلف المشايخ فيه.اھ(شامي، ‌‌مسائل شتى، ج: 6، ص: 751، ط: دار الفكر-بيروت)۔
وفی زاد المعاد في هدي خير العباد ـ فصل: في خِتانه صلى الله عليه وسلم.
وقد اختلف فيه على ثلاثة أقوال: أحدها: أنه وُلد مختوناً مسروراً، وروي في ذلك حديث لا يصح ذكره أبو الفرج بن الجوزي في "الموضوعات" وليس فيه حديث ثابت، وليس هذا من خواصه، فإن كثيراً من النّاس يُولد مختوناًالخ،وحدثني صاحبنا أبو عبد اللّه محمد بن عثمان الخليلي المحدِّث ببيت المقدس أنه وُلِدَ كذلك، وأن أهله لم يختنوه، والناس يقولون لمن ولد كذلك: خَتَنَهُ القمر، وهذا من خرافاتهم.
القول الثاني: أنّه خُتِنَ صلى الله عليه وسلم يومَ شَقَّ قلبَه الملائكةُ عند ظئره حليمة.
القول الثالث: أن جدّه عبد المطلب خَتَنَهُ يومَ سابعه، وصنع له مأدُبة وسمّاه محمّداً. ص -82- قال أبو عمر بن عبد البرّ: وفي هذا الباب حديث مسند غريب، حدثناه أحمد بن محمد بن أحمد، حدثنا محمد بن عيسى، حدثنا يحيى بن أيوب العلاف، حدثنا محمد بن أبي السري العسقلاني، حدثنا الوليد بن مسلم، عن شعيب، عن عطاء الخراساني، عن عكرمة، عن ابن عباس، أن عبد المطلب ختن النبي صلى الله عليه وسلم يومَ سابعه، وجعل له مأدُبه، وسمَّاه محمداً، صلى الله عليه وسلم قال يحيى بن أيوب: طلبت هذا الحديث فلم أجده عند أحد من أهل الحديث ممن لقيته إلا عند ابن أبي السري، وقد وقعت هذه المسألة بين رجلين فاضلين، صنف أحدهما مصنفاً في أنه ولد مختوناً وأجلب فيه من الأحاديث التي لا خِطام لها ولا زِمام، وهو كمال الدين بن طلحة، فنقضه عليه كمال الدين بن العديم، وبين فيه أنه صلى الله عليه وسلم خُتِنَ على عادة العرب، وكان عموم هذه السُّنَّة للعرب قاطبة مغنياً عن نقل معين فيها، واللّه أعلم اھ (ج:3/ص:11،ط،المصدر: موقع شبكة مشكاة الإسلامية)۔

واللہ تعالی اعلم بالصواب
حماد منظور عُفی عنه
دار الافتاء جامعه بنوریه عالمیه
فتوی نمبر 100551کی تصدیق کریں
0     64
Related Fatawa متعلقه فتاوی
Related Topics متعلقه موضوعات